ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج، اخراج اور درستگی کا عمل جاری ہے،24 اپریل تک جاری رہنے والی اس مہم کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کے لیے حتمی فہرستیں مرتب کرے گا۔
اگر آپ زندگی کی اٹھارہ بہاریں دیکھ چکے اور حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے ووٹ کا اندراج کرانا چاہتے ہیں، اگر گھر تبدیل کرنے کے بعد ووٹ اپنے پتے کے قریب منتقل کرانا چاہتے ہیں توکراچی کے تمام اضلاع میں قائم ڈسپلے سینٹرز کا رخ کریں۔
ڈسپلے سینٹر میں اپنا شناختی کارڈ ساتھ لانا نہ بھولیں، یاد رہے خاندان کے وفات پاجانے والے افراد کے ووٹ کا اخراج بھی آپ کی ذمے داری ہے۔
ملک بھر میں جاری اس مہم کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کے لیے نئی انتخابی فہرستیں مرتب کرےگا، انتخابی فہرستیں منجمد ہونے کی آخری تاریخ 24 اپریل ہے۔
انتخابی فہرستیں درست ہوں گی تو شفاف انتخابات کے بطن سے حقیقی جمہوریت جنم لے گی، آپ کے ووٹ کے اندراج، اخراج یا درستگی کے لیے الیکشن کمیشن کے ڈسپلے سینٹرز 24 اپریل تک آپ کے منتظر ہوں گے۔