مقدمے میں فاروق ستار ، رئوف صدیقی ، وسیم اختر ، خالد مقبول اور کنور نوید جمیل کے نام شامل ہیں ، زونل کمیٹی کے تین اراکین کو گرفتار کر لیا گیا
کراچی (یس اُردو) کراچی میں قائد ایم کیو ایم سمیت دس رہنماؤں کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں انسداد دہشتگردی اور بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ دوسری طرف رینجرز نے حیدر آباد میں کارروائی کر کے زونل کمیٹی کے تین اراکین کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کراچی میں 12 مئی کو نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کے دھرنے میں پاکستانی شہریوں کو اکسانے اور حساس ادارے کے افسران کو دھمکیاں دینے پر ایم کیو ایم کے قائد سمیت 10 رہنماؤں کے خلاف سرکار کی مدعیت میں تھانہ بریگیڈ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ مقدمے میں فاروق ستار ، روف صدیقی ، وسیم اختر ، خالد مقبول اور کنور نوید جمیل کے نام بھی شامل ہیں ۔ ایف آئی آر کے مطابق تقاریر میں کراچی آپریشن سمیت ملک بھر میں جاری آپریشن کو سبوتاژ کرنے اور شہریوں کو اکسانے کی کوشش کی گئی ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سٹیشن انوسٹی گیشن آفیسر مقدمے کی تحقیقات کریں گے ۔ ادھر ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق رینجرز نے لطیف آباد نمبر 8 صدیق پلازہ سے ایم کیو ایم کی زونل کمیٹی کے رکن سہیل مشہدی ، لطیف آباد نمبر 9 سے راحیل خان اور ریشم بازار سے رفیق اجمیری کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔