مقدمات کی سکروٹنی کا کام شروع کر دیا گیا ، پانچ سو سے زائد مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کی سفارش
کراچی: کراچی سینٹرل جیل سے دو خطرناک ملزموں کے فرار پر کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی تفتیش جاری ہے۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملزموں کے مقدمات کی سکروٹنی شروع کر دی گئی ۔ پانچ سو سے زائد کیسز فوجی عدالتوں میں بھیجنے کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔ کراچی سینٹرل جیل سے فرار دو خطرناک قیدیوں کی تلاش جاری ہے ۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے تفتیش کا سلسلہ تیز کر دیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے دنیا نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ جیلوں میں کالعدم تنظیموں کے کارندے کئی برسوں سے قید ہیں اور ان کے مقدمات عام عدالتوں میں چل رہے ہیں ، کیس پیپرز میں ان ملزمان کا نام کالعدم تنظیموں کے کارندوں کے طور پر درج نہیں ۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا سی ٹی ڈی نے مقدمات کی سکروٹنی شروع کر دی ہے ۔ پانچ سو سے زائد مقدمات فوجی عدالت بھیجنے کی سفارش بھی کی ہے ۔ خطرناک ملزمان ممتاز عرف فرعون اور احمد عرف منا کا مقدمہ فوجی عدالت میں ہوتا تو وہ فرار نہیں ہوسکتے تھے ، دوسری طرف جیلوں میں کالعدم تنظیموں کے مضبوط نیٹ ورک کی وجہ سے جیل حکام بھی ان ملزمان سے خوف کا شکار رہتے ہیں ۔ کراچی سینٹرل جیل سے دو خطرناک قیدی ایک ہفتے قبل فرار ہوگئے تھے جن کی تلاش کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔