کراچی (یس ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے اہل سنت والجماعت کے 3 کارکنوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں پولیس موبائل پر دو کریکر حملے کئے گئے ۔ملیر ہالٹ کے قریب فائرنگ کرکے اہلسنت و الجماعت کے ذمہ داروں محمد نسیم اور محمد آصف کو قتل کردیا گیا، اورنگی ٹاؤن میں بھی اسلام چوک کے قریب فائرنگ کرکے اہلسنت و الجماعت سے تعلق رکھنے والے اختر حسین کو قتل جبکہ ان کے بیٹے اطہر حسین کو زخمی کر دیا گیا، لیاری میں غریب شاہ مزار کے قریب فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
جمعے کی شب گلشن اقبال میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے کسٹمز پریوینٹو افسر صلاح الدین گلشن مقامی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ دوسری جانب نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پولیس موبائلز پر دو کریکر حملے کیے گئے جن میں سے ایک پھٹ گیا جبکہ دوسرے کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سالار گوٹھ کے قریب مقابلے میں مارا گیا اکبر ملیری قتل کی 30 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا،
شیراز ابراہیم عرف کامریڈ ملیر والا قتل کی 6 وارداتوں میں ملوث تھا، یوسف پٹھان قتل کی 11 اور ماڈل کالونی میں 64 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث تھا، گل حسن عرف پیرو 11 افراد کے قتل میں مطلوب تھا، مقابلے میں ہلاک خالد لاشاری قتل کی 4 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹارگٹ کلرز بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھے۔