کرن جوہرنے عامر خان کےساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتادی
بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر فلم انڈسٹری میں موجود ہر ‘خان’ کے ساتھ کام کرچکے ہیں، حتیٰ کہ ان ‘خانز’ میں پاکستان کے فواد خان بھی شامل ہیں، تاہم وہ اب تک بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام نہیں کرپائے۔انڈیا ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک ایونٹ کے دوران کرن جوہر نے عامر خان کے ساتھ اب تک کام نہ کرنے کی وجہ بتائی۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’میں وہ ہدایت کار نہیں بننا چاہتا جو عامر خان کو خراب فلم کی آفر کریں، میں کافی نروس ہوں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اب تک لگان، رنگ دے بسنتی اور لگے رہو جیسی فلمیں نہیں بنا پایا، عامر خان سینما کے سب سے سمجھدار ذہن کے مالک ہیں، اس کی ایک مثال بلاک بسٹر فلم دنگل ہے‘۔کرن جوہر نے ہندی فلم انڈسٹری میں اپنی فلموں کا موازنہ کیا اور بتایا کہ ’میں نے پاپ کلچر کے لیے ضرور کام کیا، لیکن میں نہیں سمجھتا کہ اب تک میں سینما کو وہ بہترین فلم دے پایا ہوں جو دینی چاہیے‘۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ایک ہدایت کار کو فلم ایسی بنانی چاہیے کہ اسکرپٹ سب سے اوپر رہے، جیسے فلم ‘باہوبلی’ تھی، کاسٹ کو اہمیت دینے کے بجائے اسکرپٹ کو اہمیت دینا ضروری ہے‘۔
امید ہے کہ کرن جوہر اور عامر خان بہت جلد کسی فلم میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔