بولی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ انھیں آج کل لوگوں کی جانب سے پوچھے جانے والا ایک سوال بہت زیادہ پریشان کرتا ہے کہ ‘لڑکی ہونے والی ہے یا لڑکا؟’
صنفی مساوات کے حوالے سے ایک تقریب میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ آج کل وہ جہاں بھی جاتی ہیں تو لوگ ان سے ایک ہی سوال کرتے ہیں کہ کیا ان کے ہاں لڑکی ہونے والی ہے یا لڑکا؟
انھوں نے کہا کہ مجھے یہ سوال بہت پریشان کرتا ہے اور یہ میری نجی زندگی میں مداخلت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سوال کے جواب میں میرا یہی سوال ہوتا ہے کہ ‘آپ کیا کہنا چاہتے ہیں، اس سے کیا فرق پڑتا ہے، میں ایک خاتون ہوں اور میں ایک بیٹی کی ماں بننا پسند کروں گی’۔
انھوں نے کہا کہ اس میں فرق ہی کیا ہے ‘شاید میں نے اپنے والدین کیلئے اس سے زیادہ ہی کیا ہے جو ان کے لیے ان کا کوئی بیٹا کرسکتا تھا’۔
Kareena Kappor got angry on asking expecting child is boy or girl
کرینہ نے کہا کہ میرا اس موقع پر ایک ہی جواب ہوتا ہے کہ آپ کا یہ سوال میرے نجی معاملات میں مداخلت ہے اور میرا خیال ہے کہ آپ کو اس موقع پر ایسا سوال نہیں کرنا چاہیے۔
بولی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم ایسے ملک میں رہ رہے ہیں جہاں اب بھی یہ سوال کیے جاتے ہیں کہ کیا آپ شادی کے بعد بھی کام جاری رکھیں گی؟َ یا کیا آپ بچے کی ماں ہونے کے باوجود کام جاری رکھیں گی؟ ‘اس قسم کے سوالات مجھے پریشان کرتے ہیں’۔
انھوں نے بتایا کہ جب ان سے تقریب کے آرگنائزر نے پوچھا کہ کیا وہ ان کی مہم کا حصہ بننا چاہیں گی تو ان کا یہ خیال تھا کہ وہ اس مہم کا حصہ بن کر نہ صرف اپنے لیے اور اپنے بچے کیلئے بلکہ لاکھوں دیگر لوگوں کیلئے ایک مثال بننا چاہے گی خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جو سمجھتے ہیں کہ لڑکی کا پیدا ہونا کوئی پریشانی یا مسئلے کی بات ہے۔
کرینہ نے کہا کہ ‘لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ خاتون ہی وہ واحد روح ہے جو مزید ایک روح کو جنم دے سکتی ہے اور یہ میرے لیے بہت خوشی کا باعث ہے۔