سکول میں ہمیشہ چھٹی کے بعد گھر جانے سے قبل خوب ساری آئس کریم خرید کر کھاتی تھی
لاہور(یس اُردو)آئس کریم کھانا کس کو پسند نہیں؟ لیکن کیا ہمیں چھپ کر بھی کبھی اسے کھانے کی ضرورت پڑی؟ ہم میں سے بیشتر کا جواب نفی میں ہوگا، لیکن بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو آئس کریم کھانے کا شوق اپنی والدہ سے چھپ کر پورا کرنا پڑتا تھا۔بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران جب کرینہ کپورسے آئس کریم کے لیے ان کی پسندیدگی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں آئس کریم اتنی پسند ہے کہ وہ اسے اپنی والدہ سے چھپ کر کھاتی تھیں۔کرینہ کا کہنا تھا کہ سکول میں، میں ہمیشہ چھٹی ہونے کا انتظار کرتی اور گھر جانے سے قبل خوب ساری آئس کریم خرید کر کھاتی تھی، میری کوشش ہوتی تھی کہ گھر پہنچنے سے پہلے پہلے اسے ختم کرلوں کیوں کہ میری والدہ مجھے اس سے منع کرتی تھیں۔کرینہ کے مطابق وہ اپنی پاکٹ منی کو آئس کریم کھانے میں ہی خرچ کردیتی تھیں۔اپنے شوہر سیف علی خان کا ذکر کرتے ہوئے کرینہ کا کہنا تھا سیف کو بھی آئس کریم کھانے کا بے حد شوق ہے اور کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ مجھے سیف کو یاد دلانا پڑتا ہے کہ وہ کافی زیادہ آئس کریم کھا چکے ہیں ۔