لندن : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رائل انسٹیٹویٹ آف سائنسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں مکمل سیکیورٹی کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے بہتر ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا پاکستان افغانستان میں مستقل امن کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر ایک غیر تکمیل شدہ ایجنڈہ ہے اور عالمی برادری خطے میں حقیقی امن چاہتی ہے تو اسے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرنا ہو گی۔
بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں اور پاکستان کے خلاف بلاواسطہ کارروائیاں خطے پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لندن میں برطانوی وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آرمی چیف نے برطانوی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ برطانیہ دہشتگردوں کی بین الاقوامی فنڈنگ روکنے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو دہشت گردوں کی معاونت اور رابطے ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔