لندن (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے سینئر نائب صدر چوہدری خالد محمود جوشی جو گذشتہ ایک ہفتے سے برطانیہ کے دورے پر ہیں، نے اپنے قیام کے دوران متعدد شخصیات اور مختلف تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کے اعزاز میں دعوتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ روزنامہ اوصاف لندن کے ڈپٹی ایڈیٹر اعجاز فضل نے گذشتہ روز کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے سینئر نائب صدر چوہدری خالد محمود جوشی کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ دیا۔
اس موقع پر پروفیسر نذیر تبسم، جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ یورپ کے صدر راجہ نجابت حسین، سردار عبدالرحمان، سابق لارڈ میئر چوہدری اورنگزیب، مشیر حکومت آزاد کشمیر زاہد مغل، پی ٹی آ ئی کے آصف خان، صدر پی پی پی بریڈ فورڈ نسیم راٹھور، اے آر وائی کے ارشد رچیال، جے کے نیوز کے طاہر رفیق اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ چوہدری خالد جوشی کے اعزاز میں اب تک متعدد تقریبات منعقد ہو چکی ہیں۔ ان تقریبات اور ملاقاتوں کے دوران چوہدری خالد جوشی نے کشمیر کونسل ای یو کی کارکردگی سے آگاہ کیا ہے۔
خاص طور پر انھوں نے برسلز میں تیس مارچ کو بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی آمد پر یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرے اور کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے یورپ میں چند سال سے جاری ایک ملین دستخطی مہم کا ذکر کیا۔ انھوں نے بتایا کہ کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید کی قیادت میں اپنا کام بطور احسن انجام دے رہی ہے اور کونسل نے ابتک متعدد سیمینار، کانفرنسوں اور دیگر تقریبات اور پروگراموں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کا اٹھایا ہے۔
چوہدری خالد جوشی نے گذشتہ دنوں برطانیہ میں چوہدری مالک کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی جہاں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر برسٹر سلطان محمود چوہدری اور عبد الحمید پوٹھی بھی موجود تھے۔ چوہدری خالد جوشی نے برسٹر سلطان سے بھی ملاقات کی ۔خالد جوشی نے بتایاکہ برسلز یورپی یونین کا ہیڈکوارٹر ہے اور یورپی پارلیمنٹ کی وجہ سے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور کشمیر کونسل ای یو کی کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کو برسلز میں زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا موضوع اٹھایا جائے۔
انھوں نے حالیہ دنوں ہندواڑہ کے علاقے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں دو کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی۔