counter easy hit

کشمیر یورپین الائنس ناروے کے صدر سردار پرویز محمود نے برسلز کے مظاہرے کی حمایت کر دی

Pervez Mahmood

Pervez Mahmood

برسلز (پ۔ر) کشمیر یورپین الائنس کے صدر سردار پرویز محمود نے کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے نریندرا مودی کی برسلز آمد پراعلان کردہ 30 مارچ کے احتجاجی پروگرام کی حمایت کردی ہے۔

ان کے علاوہ ناروے کی متعدد شخصیات اور افراد نے بھی کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے مظاہرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل آزادکشمیر کی مرکزی قیادت، مقبوضہ کشمیر کے اہم رہنماء اور باہر رہنے والے کشمیری شخصیات اور انسانی حقوق کی متعدد تنظیمیں اور کشمیریوں کے ہمدرد اور بھارت میں بسنے والے مظلوم طبقات کے نمائندگان بھی اس مظاہرے کی حمایت کر چکے ہیں۔ کشمیر کونسل ای یو کا کہنا ہے کہ کونسل نے مختلف تنظیموں اور سیاسی اورسماجی رہنماؤوں سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یورپ سے کئی افراد اور تنظیموں نے اس مظاہرے میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کشمیر یورپین الائنس کے صدر سردار پرویز محمود کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھارتی مظالم کے خلاف اور بھارت میں تمام مظلوم طبقات کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہے۔ انہیں توقع ہے کہ برسلز میں 30 مارچ بدھ کے روز منعقد ہونے والے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔

ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت انتہا پسندانہ خیالات کی مالک ہے اور یہ آرایس ایس جیسی انتہا پسند تنظیموں کے متعصبانہ ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس سے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کوئی بھی اقلیت اور مظلوم اور کمزور طبقہ محفوظ نہیں۔ کشمیری ہر اس مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں گے جس کے ساتھ بھارتی رجیم کی طرف سے ظلم و زیادتی ہو رہی ہے۔