برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید اور کونسل کے سینئر نائب صدر چوہدری خالد محمود جوشی نے بزرگ کشمیری رہنماء اور کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم لیڈر امان اللہ خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
برسلز سے جاری ہونے والے مشترکہ تعزیتی بیان میں انھوں نے کہاکہ امان اللہ خان کا کشمیرکی آزادی کے حوالے سے کردار ناقابل فرامو ش ہے۔ امان اللہ خان جن کا شمارجموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے بانیوں میں ہوتاتھا، منگل کے روز راولپنڈی کے ہسپتال میں 82سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
علی رضاسیداورچوہدری خالدجوشی نے امان اللہ خان کی کشمیرکے لیے خدمات کو زبردست خراج تحسین قراردیتے ہوئے کہاکہ ہم امان اللہ کے خاندان اور ان کے چاہنے والوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم رہنماء کی مغفرت کرے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے۔
انھوں نے کہاکہ امان اللہ خان ایک سچے کشمیری رہنماء تھے اور اپنی پوری زندگی کشمیرکاز کے لیے وقف کررکھی تھی ۔ وہ مسئلہ کشمیرکا کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل چاہتے تھے تاکہ کشمیرکے لوگوں کی زندگی میں سکون آسکے اور ان کو ان کے حقوق مل سکیں۔