مظفر آباد: یوم آزادی کے موقع پر مظفرآباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے قومی پرچم لہرایا۔
یوم آزادی کے حوالے سے آزاد کشمیر میں مرکزی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد کی گئی، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے قومی پرچم لہرایا اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جشن آزادی کا دن مسرت کے اظہار کے ساتھ ساتھ ان شہدا کی یاد بھی دلاتا ہے جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تقریب میں تحریک پاکستان اور دفاع وطن میں جانیں قربان کرنے والوں کو سکولوں کے بچوں نے ملی ترانے پیش کر کے خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزراء، ممبران اسمبلی، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر سمیت اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔