counter easy hit

مقبوضہ کشمیر میں 23 سالہ نوجوان دوکاندار گھر سے اغوا کے بعد بیدردی سے قتل، بھارتی فوج کے بہیمانہ اقدام پر پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے پولیس کے ہاتھوں تئیس سالہ نوجوان دوکاندار پر تشدد اور ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اندوہناک واقعہ پر ردعمل میں کہا کہ عرفان احمد ڈار کو گھر سے اٹھایا گیا اور پولیس کی تحویل میں بہمانہ تشدد کے ذریعے قتل کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے سوپور کے علاقے میں تئیس سالہ دکاندار عرفان احمد ڈار کی ماورائے عدالت شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جسے اس کے گھر سے اغواکرکے پولیس حراست میں بہیمانہ تشدد سے شہید کردیاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران قابض بھارتی فوج کے جعلی مقابلوں، نام نہاد ”تلاشی اور چھاپوں“ کی کارروائیوں ، پیلٹ گنز سمیت طاقت کے بہیمانہ استعمال اورتشددسے تین سو سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاجاچکا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ قتل، تشدد، جبری گمشدگیوں اور قید وبند کی صعوبتوں کے بھارتی غیرانسانی ہتھکنڈے ماضی میں بھی کشمیریوں کو غلام بنا نے میں ناکام رہے اورمستقبل میں بھی یہ سفاکانہ حربے ان کے عزم کو متزلزل کرنے میں کارگر نہیں ہوں گے۔ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون میں درج استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کے لئے کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔ عالمی برادری غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کا فوری ادراک کرتے ہوئے کشمیری عوام کے خلاف سنگین جرائم کے مسلسل ارتکاب پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ بھارت کو پابند بنایا جائے کہ وہ عالمی قانونی ذمہ داریوں پر عمل پیرا ہواور کشمیریوں کے زندہ رہنے کے اولین حق سمیت ان کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن واستحکام کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازعے کے پرامن حل کے لئے کام کرے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website