بارسلونا (زاہد مصطفی اعوان) ندائے کشمیر کے زیر اہتمام 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے بارسلونا میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدرات ویلفیئر اتا شی محمد اسلم غوری نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی برطانیہ سے تشریف لائے سینئر اینکر پرسن عامر غوری تھے۔ تقریب میں اسپینش سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان نے خصوصی شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارت پر زوردیا جائے کہ وہ کشمیر میں ظلم و ستم بند کرئے۔ اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ کشمیر کے لاکھوں فرزندوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے جو قربا نیاں دیں ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر ی عوام کو ان کا حق ملے گا۔
مقررین نے اس بات پہ زور دیا کہ عالمی برادری اپنا دوہرامعیار بند کرئے اور بھارت پر زور دے کہ کشمیر میں استصواب رائے کروایا جائے۔اور ہم کو صرف 5 فروری کایہ دن منا کر بھول نہیں جانا چاہیئے بلکہ کشمیر کاز کے لئے سارا سال سر گرم عمل رہنا چاہیے۔
تقریب کے صدر ویلفیئراتا شی محمد اسلم غوری نے کشمیر ڈے کے حوالے سے صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ تقریب کے مہمان خصوصی عامر غوری نے اپنے خطاب میں پروگرام کے آرگنائزر راجہ مختار سونی کو بارسلونا میں ایک دہائی سے مسئلہ کشمیر پر عوامی آگاہی اور پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ تمام پاکستانی کمیونٹی مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔۔
انھوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسپین کی سیاست میں عملی طور پر حصہ لیں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت جو نام نہاد جمہوریت کا دعویٰ دار بنا پھرتا ہے وہ کشمیر میں جمہوری روایات پہ عمل پیرا ہو کے کشمیر میں استصواب رائے کرائے اور کشمیریوں کا ان کی زندگی کا فیصلہ کرنے کا حق دے۔
مقرریں میں محمد اقبال چوہدری،ساجد گوندل ، راجہ طارق، ملک شریف، افضال بیدار، راجہ گل فراز جبکہ اسپانش مقررین میں کاتالان پارلیمنٹ کے ممبر راول رومیرو، خوسے ماریا سالا۔مارک، اناسورا، اریکاتوریگروسا، اوگو کلاچو شا مل تھے۔
خوسے ماریا سالا نے حسب روایت اپنے خیالات کا اظہار اردو میں کیا ، اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اقوام عالم پر زور دیا۔اسکردا پارٹی کے راہنما نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح اسپین میں کاتالونیا کی آزادی کا مسئلہ اہم ہے اس طرح کشمیر بھی ایک اہم ایشو ہے اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیئے۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض راجہ شفیق کیا نی نے سر انجام دیئے۔ تقریب کا آغاز حسب روایت تلاوت قران پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرحمان نے حاصل کی ، آنحضرت ۖکی خدمت میں گلدستہ نعت محمد یوسف نے پیش کیا۔ استقبا لیہ راجہ طارق نے پیش کیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنا قیمتی وقت نکل کر تشریف لائے۔