counter easy hit

کشمیریوں کو کبھی بھی بھارت کے خوف و غضب میں نہیں رکھا جا ئے گا، سردار مسعود خان

KASHMIR, WILL, NEVER, LEFT, UNDER, CRUEL, OCCUPATION, OF, INDIAاسلام آباد ( یس اردو نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر ریاست کے اندر سیاسی نظام کی بہتری ، گڈ گورننس کے فروغ ، میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں اور تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں راہنماﺅں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کو تیز کرنے کا عزم کیا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل پرستی کے علاوہ بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ،جو کہ انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔
صدر مسعود خان نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر کے پرامن اور نہتے مظاہرین کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کو پیلٹ گنوں اور مہلک ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہیں، جو کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت جرم ہے ، کیونکہ اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے پرامن اور جمہوری حل کے لیے کشمیریوں کو حق خود ارادیت استعمال کرنے کا حق حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور بھارت کو ان جرائم کے ارتکاب سے روکیں۔
دونوں راہنماﺅں نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے حمایتی ہیں اور پاکستان کی حکومت نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے مل کر بھارت کی جانب سے پاکستان ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر، پن بجلی ،سڑکوں کا جال، سیاحت ، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ تمام منصوبہ جات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق معینہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت ، تعلیم ، پانی کی سہولیات کو پسماندہ علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔ دونوں راہنماﺅں نے کہا ہے کہ حکومت ہر سطح پر میرٹ کی بالادستی ، شفافیت اور احتسابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے بھی آج صدر ریاست سے ملاقات کی ، دوران ملاقات ملکی و عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ کیا کیا گیا۔ صدر نے کہا ہے کہ پاکستان و آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں خواہ وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں مسئلہ کشمیر پر سب کا ایک ہو موقف ہے اور وہ متحد و متفق ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر نے مزید کہا کہ تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی اختلافات کے باوجود اپنے مظلوم کشمیر ی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کبھی بھی بھارت کے مظالم کے سامنے نہیں جھکنے والے ہیں اور بھارت ہمارے پیچ میں اختلافات و انتشار پیدا کرنے کی سازشوں میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔

 

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website