پیرس (نامہ نگارخصوصی) آل پاکستان کشمیر فورم فرانس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین چوہدری محمد نعیم نے یس اردو نیوز کیساتھ اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کو کشمیری ویورپی کمیونٹی یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔
سہ پہر 03:00بجے سے شام 05:00 بجے تک پیرس کے معروف مقام ایفل ٹاور پر کشمیری و یورپی کمیونٹی کشمیریوں کے اوپر کئے جانے والے بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست جب بھارتی یوم آزادی منانا شروع کرینگے ہم دنیا کوسیاہ پٹیاں باندھ کر اور احتجاج کر کے بتائیں گے کہ بھارت جیسی خونی ریاست کس قدر انسانی خون بہا کر قائم ہوئی ہے اور نصف صدی سے زیادہ عرصے سے کس طرح مظلوم کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔
بھارت نہ کبھی سیکولر جمہوری ملک تھا نہ ہی یہ ملک جمہوری رہا ہے کیونکہ کشمیر میں جمہور کے ساتھ بھارت کا رویہ کبھی بھی جمہوری نہ رہا۔ اب بھارت میں اقلیتوں جن کی آبادی بھارت میں ایک تہائی ہے کے ساتھ بھی حکومت اور اکثریتی لوگوں کا رویہ غیر جمہوری اور قانونی نہیں ہے اب بھارت اصل صورت میں دنیا کے سامنے گزشتہ دس پندر برس سے جمہوریت کی بجائے ہندو فاشسٹ ریاست کے طور ابھرا ہے اس لئے دنیا کو جاننا چاہئے کہ بھارت کے خلاف کشمیری چھبیس جنوری کو ہر سال یوم جمہوریہ کی بجائے یوم سیاہ مناتے ہیں۔