مقبوضہ کشمیر: پامپور میں بھارتی قابض فوج کا نیا ڈرامہ
مقبوضہ کشمیرکے علاقے پامپور کی ایک عمارت پرقبضہ کرنے والے 2 افراد نے بھارتی فوج کو تگنی کا ناچ نچا دیا،24 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر گیا، سرکاری عمارت میں چُھپے مسلح افراد بھارتی فورسز کے ہاتھ نہ آئے۔عمارت پر دستی بم اور راکٹ سے حملےمیں2 فوجیوں سمیت 4 زخمی ہوگئے۔
مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر گولیاں برساتی بھارتی فوج صرف 2حملہ آوروں کے آگے بے بس و لاچار ہوگئی،اسے بھارت کا کوئی نیا ڈرامہ کہا جائے یا بھارتی فوجیوں کی نااہلی کہ 24 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر گیا، لیکن حملہ آوراب تک انڈین فورسز کے ہاتھ نہ آئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کی صبح 2 حملہ آوروں نے پامپور کی سرکاری عمارت پر حملہ کیا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی ، سرچ آپریشن کیا گیا اور مزید نفری بھی بلائی گئی ، حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق2مسلح افراد اب تک عمارت میں چھپے ہوئے ہیں اور مقابلہ جاری ہے ۔بھارتی فورسز نے عمارت پردستی بم اور راکٹ سے بھی حملے کیے لیکن کوئی حربہ نہ چل سکا بلکہ عمارت کے ایک حصےمیں آگ لگ گئی ۔