سرینگر (نیوز ڈیسک ) ہم لے کر رہیں گے آزادی، کشمیریوں نے بھرپور بغاوت کردی، کشمیری عوام سخت کرفیو کے باجود سڑکوں پر نکل آئے، مقبوضہ کشمیر میدان جنگ بن گیا، شہادتوں کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق سخت ملٹری کرفیو کے باوجود کشمیری عوام نے بھارت کیخلاف بغاوت کردی ہے اور کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی مقبوضہ علاقے میں کرفیو اورکشمیر کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع رہا۔ تاہم سخت کرفیو اور بڑی تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود لوگ بھارت کی طرف سے دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کے خلاف احتجاج کیلئے سرینگر، پلوامہ ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ اس موقع پر فوجیوں نے مظاہرین پر گولیوں ،پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے کم سے کم 6 افراد شہید اور بہت سے زخمی ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے باعث زخمی ہونیوالے کم سے کم 6 افراد کو سرینگر کے ایک ہسپتال میں لایاگیا تھا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے پولیس کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے سرینگر میں مظاہرین پرپیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا ہے ۔ بی بی سی نے مقامی افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ کشمیری صدمے کی صورتحال میں ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وادی کشمیرمیں جلد ہی بڑے پیمانے پر احتجاج کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے ۔دریں اثناء احتجاجی مظاہروں کوروکنے کے لیے بھارتی حکومت کی طرف سے ٹیلیویژن چینلز کی بندش اور ٹیلیفون اورانٹرنیٹ سروسز کی معطلی سے پوری کشمیری آبادی کا باقی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔