لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں قصور واقعہ کے متاثرین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قصور واقعہ کے متاثرین نے جے آئی ٹی کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔
متاثرین کی جانب سے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے متاثرین کے خلاف قائم مقدمے کے فوری خاتمے کیلئے ہدایات جاری کرنے کے بعد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کیلئے متاثرین کے خلاف مقدمہ فوری ختم کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی کیس پر اثر انداز نہیں ہونے دوں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قصور واقعہ انتہائی افسوسناک اور ہم سب کے لئے دکھ اور کرب کا باعث ہے۔ قصور واقعہ کے متاثرین کو ہر صورت انصاف فراہم کروں گا اور اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس نے انصاف کی فراہمی میں ڈنڈی مارنے کی کوشش کی اسے الٹا لٹکا دوں گا۔ متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے جو ہر قیمت پر پوری کروں گا۔ ملاقات میں ایڈووکیٹ لطیف سرا، مبین غزنوی اور متاثرہ بچوں کے والدین بھی شامل تھے۔