سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمٰن بھولا کو 19دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ایف آئی اے کی ٹیم رحمٰن بھولا کو گزشتہ روز تھائی لینڈ سے کراچی لائی تھی۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی تفتیش کیلئے ایس ایس پی رینک کا افسر مقرر نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی رینک کا افسر مقرر کیا جائے۔مرکزی ملزم رحمٰن بھولا کا کہنا تھا کہ مجھ پر لگائے گئےالزامات بے بنیاد ہیں، فیکٹری میں آگ میں نے نہیں اصغر بیگ نے لگائی تھی۔عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث ملزم رحمٰن بھولا کو 19دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔واضح رہے کہ بلدیہ کی فیکٹری میں بھتہ نہ دینے پر ڈھائی سو سے زیادہ افراد کو زندہ جلاکر موت کی نیند سلادیا گیا تھا۔