خوشاب; خوشاب میں بیوی نے کلہاڑیوں اور چاقو کے وار کر کے خاوند، دو بیٹے اور دو بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔دل دہلا دینے والی واردات جوہر آباد کے علاقے ریاض ٹاؤن میں پیش آئی۔ جہاں گلناز نامی خاتون نے اپنے ہی گلشن کو اجاڑ لیا۔ کلہاڑیوں اور
چاقو کے وار کر کے خاوند، دو بیٹے اور دو بیٹیوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ گلناز بی بی نے اپنے سر کے تاج اور جگر گوشوں کو قتل کرنے کے بعد لاشوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔لرزہ خیز واردات کے بعد گلناز بی بی نے خود تھانے میں پیش ہو کر گرفتاری دے دی۔ پولیس نے موقع سے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق گلناز بی بی نے ابھی تک چپ سادھ رکھی ہے، قتل کی وجہ نہیں بتا رہی، تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے کے 2 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی۔لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق یکہ توت دھماکے میں زخمی ہونے والا شخص محمد عادل دوران علاج چل بسا جب کہ 7 زخمی اب بھی زیرعلاج ہیں۔اسی طرح خیبر ٹیچنگ اسپتال میں بھی ایک زخمی دم توڑ گیا جہاں دو زخمیوں کو اب بھی امداد دی جارہی ہے، خیبرٹیچنگ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 12 زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب بیرسٹر ہارون بلور کی
شہادت پر خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر تین روزہ سوگ اور ہڑتال جاری ہے جس کے پیش نظر صوبے بھر میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے۔یاد رہے کہ 10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او آغا میر جانی شاہ واجد علی کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔سی سی پی او پشاور قاضی جمیل نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔