اسلام آباد: ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس عامرفاروق نے ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ کے حوالے سے ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست پر مختصر فیصلہ سنادیا۔ عدالت عالیہ نے اپنے مختصر فیصلے میں فاروق ستارکی درخواست مسترد کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر قرار دے دیا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 مارچ کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے آئینی سربراہ سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ فاروق ستارایم کیوایم کے کنوینر نہیں رہے، فاروق ستار نے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے ایم کیوایم پاکستان کی کنوینر شپ سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فاروق ستارکو بحال کیا تھا، جس پر خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل نے نظر ثانی اپیل دائر کی تھی۔