شیخوپورہ(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے چیف کوآرڈینیٹر خان عبدالمناف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی معنی خیز تحریک نے حکمرانوں کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ،عوام کو کرپٹ حکمرانوں کے بارے بہت کچھ معلوم ہوگیا ہے، اپوزیشن کی اخلاقی فتح ہوچکی ہے ،ہر سطح پر ہمارا موقف ہی تسلیم کیا جارہا ہے ،پورا پاکستان جانتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا موقف ہی اصولی اوروزنی ہے ،کسان،مزدور،تاجر ،وکیل ،دانشور،ڈاکٹر ،استاد سب ہمارے ساتھ ہیں یہ کرپٹ حکمران سے نجات چاہتے ہیں ،ایک بیان میں خان عبدالمناف خان نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب اسمبلی میںآکر اپنا موقف کیوں بیان نہیں کرتے ،ہم نے انہیں پنجاب اسمبلی میں لانے کے لئے قرارداد جمع کرادی ہے پل اور سڑکیں تعمیر کرکے گڈ گورنس کا نعرہ لگانے والوں کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے ،مسلم لیگ ن میڑوبس اور اورنج لائن ٹرین کے منصوبوں کو اپنی کارکردگی قرار دے رہی ہے جبکہ ان منصوبوں سے عوام بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں ،بھاری سبسڈی دے کرمیڑو بس چلائی گئی ہے ،عوام کو اس منصوبے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا ،یہ منصوبہ سرکاری خزانہ پر بوجھ ہے ،انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے جو معاہدے کئے ہیں ان کے بارے بھی حقائق سامنے آنے چاہیں ،اب ان معاہدوں میں چھپی کرپشن حکمرانوں کے کا اصل چہرہ واضح کردے گی ،کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ،ان سے نجات بہت ضروری ہے اور اس کے لئے ہم تحریک جاری رکھیں گے۔