اسلام آباد ؛ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے امیدوار اسد عمر نے یوسی 45 جھنگی سیداں میں مختلف مقامات پر انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آتی ہے اور ،
عمران خان وزیراعظم بنتا ہے اور اس کے باوجود بھی اسلام آباد میں ایک سال کے اندر واضح تبدیلی نہیں آتی تو کم از کم میں تو سیاست سے کنارہ کش ہو جاؤنگا۔عبداللہ ٹاؤن میں حاجی محمد حنیف خان کے زیر انتظام کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سب سے پہلا بڑا کام اسلام آباد کے لئے روزانہ10 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کرونگا۔پختونوں کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہیں اور آئندہ بھی ان کے حقوق کا تحفظ پاکستان تحریک انصاف کرتی رہے گی۔اس موقع پرحاجی خیرالرحمان نے اپنے خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور اسد عمر کا الیکشن میں تعاون کا وعدہ کیا۔ جبکہ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں جو ٹکٹ کے بغیر کھڑے ہیں وہ ملک اور پارٹی کا نقصان کررہےہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نےدس سال میں پاکستان کو مقروض کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے علاقے شاہدرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ میرے والد اور خاندان سیاست میں نہیں تھا، میں تحریک لے کر اکیلا نکلا تھا، جو لوگ ملے وہ نئے پاکستان اور تبدیلی کا خواب دیکھ رہے تھے،
ایسے نوجوانوں نے میرے ساتھ جدوجہد شروع کی۔انہوں نے کہا کہ میری ٹریننگ کھیل کے میدانوں کی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم بنا رہا ہوں، میری ٹیم میں وہ کھلاڑی اوپر آئیں گےجو قوم کیلئے کھیلیں گے، جو ٹکٹ کے بغیر کھڑے ہیں وہ ملک اور پارٹی کا نقصان کررہےہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے دس سال میں پاکستان کو مقروض کردیا، یہ حکمران30سال سےعوام کا خون چوس رہے ہیں،قرضے لے کرحکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، ان کا پیسہ، جائیدادیں اورچھٹیاں باہر لیکن بات پاکستان کی کرتے ہیں، یہ پیسہ ملک میں خرچ ہو تو فیکٹریاں بنیں لوگوں کو نوکریاں ملیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ہرے پاسپورٹ کو بھی شرمندہ کردیا، نواز شریف کہتا تھا کشکول توڑدوں گا لیکن اسی نے تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا، آج ملک کو چلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے، ڈالر128روپے کا ہوگیا ہے، اس جماعت کو ووٹ نہ دو جس کا جینا مرنا پاکستان میں نہ ہو، میں برطانیہ میں ہی سب کچھ بیچ کر پاکستان آگیا تھا، غدار وہ ہوتا ہے جو قوم سے وفا نہیں کرتا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف پاکستان کا سب سے کرپٹ آدمی ہے، شہبازشریف نے 10سال میں10ہزارارب خرچ کیا، لاہور پر ہر سال300ارب ترقیاتی فنڈ خرچ ہوتا ہے، شاہدرہ کا حال دیکھیں یہ ساڑھے300 ارب کہاں جاتا ہے؟ لاہور سارا ترقیاتی بجٹ رائیونڈ پر خرچ کیا جاتا ہے۔