اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم عمران خان کے لباس کے خوب چرچے رہے۔وزیراعظم عمران خان نے اس بار روایتی شیروانی کی بجائے شلوار قمیض اور واسکٹ زیب تن کی۔وزیراعظم عمران خان کی خوش لباسی کے پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا میں بھی خوب چرچے رہے۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم کے لباس کے پیچھے خاتون اول بشری بی بی کا ہاتھ ہے۔تاہم بعد میں کسی ڈیزائنر نے وزیراعظم عمران خان کے کپڑوں کا کریڈٹ لیا۔اس حوالے سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے ٹویٹ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی ڈیزائنرز کے کپڑے لینے یا پہننے میں دلچسپی نہیں لی۔ خاص طور پر اس سادہ سی شلوار قمیض کے لیے۔خاتون اول نے وزیراعظم عمران خان کے تمام کپڑے خریدے اور ایک لوکل ٹیلر سے سلوائے۔زلفی بخاری نے مزید کہا کہ جو کوئی بھی عمران خان کے کپڑوں کا کریڈٹ لینا چاہ رہا ہے وہ جھوٹ بول رہا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی امریکا میں کی جانے والی ڈریسنگ کے پیچھے ڈیزئنر فہد سیف کا کمال ہے۔وزیراعظم عمران خان کے لباس کونیا انداز دینے والے فہد سیف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ڈریسنگ میرے لیے ایک چینلج تھی۔مجھے کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کا لباس سادہ ہونا چاہئیے۔ فہد سیف کا مزید کہنا تھا کہ میری عمران خان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی،میں ان سے بہت زیادہ متاثر ہوں لیکن میں جانتا ہوں وہ وہ مصروف ہوتے ہیں۔ فہد سیف کا کہنا تھا کہ پہلے عمران خان کے کپڑوں کا رنگ زیادہ تر سفید ہوتا تھا۔لیکن اس کے بعد ہم نے اس میں تبدیلیاں کیں۔لیکن وزیراعظم کے لیے لباس ہمیشہ ان کی شخصیت کو مدِنظر رکھ کر ڈیزائن کیا جاتا ہے۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی سادگی نے پوری امریکی عوام اور صدر ٹرمپ کو حیران کردیا تھا۔عمران خان نے وائٹ ہاؤس میں بھی پشاوری چپل نہیں چھوڑی۔ ان کے لباس پر سوشل میڈیا پر بہت تبصرے کیے گئے۔