اسلام آباد( ویب ڈیسک ) بھارت گزشتہ کئی سالوں سے مسعود اظہر کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کروانے کی کوشش کر رہاہے تاہم چین نے چار مرتبہ تکنیکی بنیادوں پر اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا اور اسے روک دیا لیکن اب چین نے امریکہ کے مسلسل مطالبے پر اقوام متحدہ کی 1267 پابندی کمیٹی کی طرف سے مسعود اظہر کو کالعدم قرار دینے سے متعلق رکاوٹ سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیاہے اور ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان کی جانب سے بھی چین کو گرین سگنل دے دیا گیاہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چند دن پہلے چین کا کامیاب دورہ کیا جس دوران سرمایہ کاری کے کئی بڑے معاہدوں پر دستخط کیے گئے جبکہ اس موقع پر عمران خان نے چینی صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی کیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دورے میں جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر سے متعلق جاری معاملے پر بھی بات چیت ہوئی جس دوران چین کی طرف سے خبردار کیا گیا کہ اگر پاکستان اس پر راضی نہیں ہوتا تو اسے فافٹ کی بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حالیہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان کی جانب سے بھی چین کو گرین سگنل دیدیا گیاہے ۔دوسری جانب نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاہے کہ پاکستان کے سینئر حکام نے بتایا ہے کہ چین مسعود اظہر کو کالعدم قرار دینے سے متعلق اپنے تکنیکی ہولڈ کو واپس لے سکتاہے لیکن اس معاملے سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر دفتر خارجہ کو آج خصوصی بریفنگ میں بتائے جانے کا امکان ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوہانگ نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ ” ہم 1267 کمیٹی میں فہرست کے معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں اور میں سمجھتاہوں کہ یہ سب سے زیادہ اراکین کی رائے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اندر ہی معاملے پر مشاورت جاری ہے اور کچھ پیش رفت بھی ہوئی ہے ، میرا ماننا ہے کہ تمام فریقین کی مشترکہ کوششوں سے یہ معاملہ مناسب طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے ۔