حکومت آٹا چینی چوری اورآئی پی پیز رپورٹس سے توجہ ہٹانے کیلئے نیب اوراٹھارھویں ترمیم کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے، خان یوسف
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے سابق جنرل سیکرٹری خان یوسف نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اٹھارھویں ترمیم اور نیب ترمیمی بل کا ڈھنڈورا پیٹ کر آٹا چینی چوری اور آئی پی پیز سکینڈل سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس حکومت کا ایجنڈا ہی کرپشن کیخلاف مہم تھا وہ بھی ان رپورٹس کے آنے کے بعد کرپٹ ٹولوں کی سہولت کار بنتی نظر آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اب کہہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی انھوں نے میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف جیسے مخلص لیڈروں کی راہ میں کانٹے بچھائے ہیں اب وہ انھیں پلکوں سے چننے پڑینگے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان جنہیں چور کہہ رہے ہیں ان کی حکومت میں مہنگائی 3 فیصد تھی جو اب 10فیصد ہوگئی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ نا اہل حکمرانوں سے ملکی معیشت چل نہیں رہی لیکن اپنے مخالفین کو دیوار کیساتھ لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ شہبازشر یف اور شریف فیملی کیخلا ف حکومتی انتقامی کاروائیاں پور ی دنیا دیکھ رہی ہے۔