پیرس(یس اردو نیوز) جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن فرانس خان محمد یوسف نے کہا ہے کہ عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں دوسروں میں اس طرح تقسیم کریں کہ پورا معاشرہ مسرور و مطمئن ہو۔ عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب ،اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے،یہ دن اپنے اندر ہمدردی ،ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔اس دن پوری ملت اسلامیہ کے لیے اور باالخصوص کشمیر کی آزادی ،ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاکرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دہشت گردی وفرقہ پرسی کی لعنت سے پاک فرمائے اور ہمارے ملک کو امن، ترقی وخوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے انہیں آزادی کی نعمت سے مالا مال فرمائے۔