رانا ثنااللہ پر مقدمہ پی ٹی آئی کی سیاسی موت کا نقطہ آغاز ہے، تاریخ جھوٹے مقدموں کی ناکامی سے بھری ہے، خان یوسف،
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے جنرل سیکرٹری خان محمد یوسف نے رانا ثنااللہ صدر مسلم لیگ ن پنجاب کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جھوٹے مقدمات کی انتہا کردی ہے اور یہ اتنا بڑا سیاسی مقدمہ ہے کہ اس کے بوجھ تلے حکومت کی پوری ساکھ آسکتی ہے اور ان کی سیاسی موت کی وجہ یہی مقدمہ بن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے سیاسی مقدمات سے تاریخ بھری پڑی ہے اور ان کی ناکامی بھی ایک تاریخ رکھتی ہے حکومت تاریخ میں بد ترین مقام کیلئے اپنا نام درج کراچکی ہے اور ان لوگوں نے ملک کی خدمت کرنے والوں کو مقدمات میں پھنسا کر اور لٹیروں ، چوروں کو ایمنسٹیز اور ٹیکس مراعات دینا شروع کردی ہیں اس طرح کوئی سیاسی پارٹی اپنامقام نہیں بنا سکی اور نہ بنا سکتی ہے۔