وطن عزیز کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ تحریک انصاف کے محب وطن جانثار اپنے قائد محترم جناب عمران خان صاحب کے خلاف ایک لفظ کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔ مگر ریحام خان کی یہ ہمت کہ انہوں نے سینکڑوں صفحات پر مشتمل گستاخی سے بھرپور کتاب ہی لکھ ڈالی۔
یہ خبر سن کر وطن عزیز کے طول و عرض سےگالیوں میں پی ایچ ڈی کیے ہوئے خان کے مجاہدین ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر غدار ریحام کے خلاف یکجان ہو گئے اور ریحام خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنا کر اپنے اور خان صاحب کے درمیان شدید محبت کا ثبوت پیش کرنے لگے۔بے شک عمران خان نے اپنے مجاہدین کو ریحام کی تذلیل کرنے کا حکم ہرگز نہیں دیا تھا کیونکہ خان صاحب کو معلوم ہے کہ میرے مجاہدین خود ہی بہت عقلمند ہیں۔ اس لئے انہیں حکم دینے کی کبھی ضرورت پیش نہیں آئی۔
یہ گالیاں ریحام خان پر پہلی بار نہیں برس رہیں۔ یہ گالیاں اس وقت بھی برسائی جا رہی تھی جب ریحام خان نے عمران خان سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
آخر ریحام خان کو خان سے شادی کے بعد علیحدگی اختیار کرنے پر گالیاں کیوں نہیں دینی چاہئیے؟
خان کے جانثار تو ان کو معافی نہیں دیتے جو پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کی گستاخی کرتے ہیں.
جب عائیشہ گلالائی نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر کے خان کے خلاف گستاخی کرنے کی کوشش کی تھی تب خان کے مجاہدین جو گالیوں میں پی ایچ ڈی کیے ہوئے ہیں سب نے اپنے تن من اور دھن کے ساتھ یکجان ہو کر غدار عائشہ گلالئی کو بھرپور گالیوں سے نوازا تھا۔
تحریک انصاف کی بانی رہنما فوزیہ قصوری کو پی ٹی آئی کے مجاہدین کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے بھی گستاخی کرتے ہوئے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر کے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
ناز بلوچ صاحبہ نے جب پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تب انہیں بھی خان کے جانثاروں کے ہاتھوں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔مگر غدار ریحام نے تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ خان صاحب سے بھی علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
خان کے جانثار حمزہ علی عباسی کے مطابق گستاخ ریحام نے پاکستان مسلم لیگ نواز سے یہ کتاب لکھنے پر ایک لاکھ پونڈ کی رقم وصول کی ہے جو کہ ہماری دیسی کرنسی کے حساب سے 15,511,162 روپے بنتے ہیں۔ مگر اس بارے میں جانثار حمزہ کے پاس کسی قسم کا ثبوت موجود نہیں۔ مگر انہیں کسی قسم کا ثبوت پیش کرنے کی ہر گز ضرورت نہیں کیونکہ خان کے کسی بھی جانثار کے منہ سے نکلی ہوئی بات غلط نہیں ہوسکتی اور اگر کسی نے غلط ثابت کرنے کی کوشش کی تو وہ خان کا غدار گالیوں کا حق دار تصور کیا جائے گا۔
بیشک دین اسلام کے مطابق فرمایا گیا ہے کہ، سنی سنائی بات آگے بیان کرنا انسان کے جھوٹا ہونے کی دلیل ہے۔
ریحام خان کے فیس بک پیج پر شئیر کی گئی نظم،
ریحام خان کے نام
کاغذی ٹاٸیگر ڈرے ہوۓ ہیں
گدھ اور گیدڑ مرے ہوۓ ہیں
نام نہاد شرفا عالم اور فاضل
اخلاقی پستی میں گڑے ہوۓ ہیں
پاک وطن کی پیشانی پہ یہ
سیاہ دھبے پڑے ہوۓ ہیں
اظہار کا حق بھی چھین لو
مارنے پہ یہ اڑے ہوۓ ہیں
کاغذی ٹایٸگر ڈرے ہوۓ ہیں
ایک نہتی عورت سے
گدھ اور گیدڑ مرے ہوۓ ہیں ایک نہتی عورت سے
راشدہ بھٹہ