اسلام آباد: وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فون پر رابطہ کیا اور یکم رمضان کو سحری کے وقت ٹرپنگ کیوجہ سے لوڈشیڈنگ پر حیدرآباد کے عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کس طرح این ٹی ڈی سی اور وزارت کے دیگر عملے نے بروقت اقدامات کر کے خرابی کو دور کیا، اس سے قبل مراد علی شاہ نے وزیر پانی و بجلی کو لکھے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی لائی جائے اور رمضان میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا تھا کہ رمضان کے دوران لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے۔ سندھ میں سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی بلاتعطل فراہم کی جائے، 500 کے وی ٹرانسمشن لائن میں پیدا ہونیوالی خرابی کو دور کیا جائے اور 500 کے وی کی گدو، دادو جامشور لائن کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ صوبائی حکومت کو پریشانی کا سامناہے اور بجلی کی عدم بحالی سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔