اسلام آباد: وزیرِ خارجہ خواجہ آصف نااہلی کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عثمان ڈار سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ خواجہ آصف نے فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد اماراتی کمپنی کا خط عدالت میں جمع کرایا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف کمپنی کے کل وقتی ملازم نہیں تھے۔
پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ وزیرِ خارجہ خواجہ محمد آصف کیخلاف نااہلی کیس کا فیصلہ کل سنائیں گے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالتِ عالیہ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عثمان ڈار نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ خواجہ آصف متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں کل وقتی ملازم ہیں اور ان کے پاس اقامہ بھی موجود ہے۔ انہوں نے بینک اکاؤنٹ اور تنخواہ بھی ظاہر نہیں کی، اس لیے انھیں غلط بیانی پر نااہل کیا جائے۔
خواجہ آصف نے فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد دبئی کی انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکڑیکل کمپنی کا خط عدالت میں جمع کروایا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ کنسلٹیشن معاہدے کے تحت خواجہ آصف کی کمپنی میں کل وقتی موجودگی ضروری نہیں، خواجہ آصف سے کسی بھی معاملے پر تجاویز فون یا ان کے دورہ دبئی کے دوران حاصل کی گئیں۔