اسلام آباد : پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ مدت پوری ہونے کے بعد ہم ذمہ دار نہیں ہیں، ایسا لگتا ہے کہ بجلی نہیں بریانی تھی جو تھیلی میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نوازنے پہلے کہا تھا لندن توکیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں جبکہ بعد میں مریم نواز نے تسلیم کیا پراپرٹی ان کی ہے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے شریف خاندان سے پوچھا پیسے کہاں سے آئے، نوازشریف، مریم نواز اور ان کے بھائی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، نہ ڈھیل ہونی چاہیے اور نہ ہی ڈیل ہونی چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ حارث آج کہہ رہے ہیں کہ دباؤہے، اس وجہ سے کام نہیں کرسکتا، خواجہ حارث مقدمے کو لٹکانے کے لیے بہانے بنا رہے ہیں، شریف خاندان کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقدمے میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوگئی ہے، کیس ختم ہونے کے بجائے بڑھتا ہی جارہا ہے، خواجہ حارث مقدمہ آگے لڑتے ہیں تو اچھی بات ہے، ورنہ ان کی جگہ سرکاری وکیل دیا جائے۔
فواد چوہدری نے شہباز شریف کر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر علاقوں میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور شہباز شریف کہتے ہیں مدت پوری ہونے کے بعد ہم ذمہ دار نہیں ہیں، سمجھ نہیں آتی ’بجلی تھی یا بریانی‘ جو شاپر میں ساتھ لے گئے۔
پی دوسری جانب ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ ریحام خان رضیہ سلطانہ بننے آئی تھیں اور سنی لیونی بن کرواپس گئیں ہیں۔