وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملک بھر میں پیٹرول بحران کے بعد پیٹرول کی نقل و حمل کے لئے ریلوے کی خدمات پیش کردیں۔

Khawaja Saad Rafiq presented the railway services for the petrol transport
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو فون کیا اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے باعث پیدا ہونے والے پیٹرول بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے وزیر پیٹرولیم کو پیٹرول کی نقل و حمل کے لئے محکمہ ریلوے کی خدمات حاصل کرنے کی پیشکش کی۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں پٹڑی کے ساتھ پیٹرول کی فوری سپلائی شروع کر سکتے ہیں، ریلوے کے پاس اضافی انجن بھی ہیں اور رولنگ اسٹاک بھی جب کہ وزارت پیٹرولیم سے انتہائی مناسب چارجز وصول کئے جائیں گے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش ہے، ہڑتالی کلچر کی حمایت کسی صورت نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے جاوید انور کو پی ایس او سے فوری رابطے کی ہدایت بھی کی ہے۔ خیال رہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کو قانون کے دائرے میں لانے پر ٹینکر مافیا نے ہڑتال کر رکھی ہے جب کہ وزارت پیٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا ہے۔








