ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر ردعمل میں خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شکایات ہوتی ہیں تو جذب کرتے ہیں یا خاموشی سے متعلقہ اتھارٹی کو بتاتے ہیں ، یقین ہے کہ تدبر،فراست اور باہمی اتحاد ہی سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر مثبت آدمی ہیں ، ان کے ردِ عمل پر دلی دُکھ ہوا ، جاننے والے جانتے ہیں کہ وہ ریاستی اداروں میں ہم آہنگی کے لیے خاموش کردار ادا کرتے رہتے ہیں، ریاستی اداروں کے مابین فاصلے اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ملک سے زیادتی کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دیا، جو مطلب نکال رہا ہے، وہ بھی غلطی پر ہو سکتاہے، پرویزمشرف نے قابل اعتراض بیان دیا، وہ سپاہ سالار رہے ہیں، ان کی ذیادہ ذمہ داری ہے، ان سے کسی نے پوچھابھی نہیں، میں نے تو مفاہمت کا بیانیہ دیا ہے، جو ہورہا ہے میں اس پر افسوس کا اظہار کر سکتا ہوں۔