ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ڈاکٹر زاور پیرامیڈیکس سٹاف عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور کام کریں ان خیالات کاا ظہار مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کے اچانک دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عام آدمی کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ،جس کے مثبت نتائج آر ہے ہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کے ان کے اچانک دورہ کا مقصد بھی یہاں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینا تھا ۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ سلمان رفیق نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ڈاکٹرز اور سہولیات کی کمی کو جلد از جلد دور کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر غلام ےٰسین بلوچ کو ہدایت کی وہ ہسپتال میں موجود واحد سرجن ڈاکٹر کو پاپند کریں کہ وہ شام 5 بجے تک ہسپتال میں موجود ہوں انہوں نے ہسپتال میں فالتو اشیاء کو تلف کرنے والے انسولیٹر کے غیر فعال ہو نے پر اسے فوری طور پر بحال کرنے کی بھی ہدایت کی ۔اس سے قبل خواجہ سلمان رفیق بغیر پروٹوکول اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال پہنچے انہوں نے ایمر جنسی ،مردانہ ،زنانہ وارڈ سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں صفائی اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا ،خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔