کراچی(ویب ڈیسک) مقبول ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کے تیسرے سیزن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں جس کی پہلی جھلک بھی سامنے آگئی ہے۔ رائٹر ہاشم ندیم کے مشہور ناول ’ خدا اور محبت‘ پر مبنی ڈرامہ 2011ء میں نشر کیا گیا جس میں عمران عباس اور سعدیہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
بہترین کہانی کی وجہ سے ڈرامے نے خوب پذیرائی حاصل کی تاہم عوام خواہشات کے پیش نظر پانچ سال بعد یعنی 2016ء میں اس ڈرامے کو ایک بار پھر منفرد انداز کے ساتھ پیش کیا گیا۔ پہلے سیزن کی طرح ڈرامے کے دوسرے سیزن نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے جس کی بنیادی وجہ عمران عباس اور سعدیہ خان کی دل فریب اداکاری تھی جس نے لوگوں کو اپنی جانب مائل کرنے میں اہم کردار کیا۔ اسی لیے شائقین کی یادوں کو تازہ دم کرنے کے لیے ڈرامے کے تیسرے سیزن کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔ نئے سیزن میں اس بار عمران عباس اور سعدیہ خان کے بجائے فیروز خان اور اقرار عزیز مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ ان دنوں ڈرامے کی شوٹنگ بہاولپور میں کی جا رہی ہے جہاں سے ڈرامے کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔ ہمیشہ کی طرح ڈرامے کے نئے سیزن کی کہانی بھی ہاشم ندیم نے ہی تحریر کی ہے جس میں سید وجاہت حسین ہدایت کار کے فرائض انجام دیں گے۔ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، جنید خان، طوبیٰ صدیقی، روبینہ اشرف، اسماء عباس، عثمان پیرزادہ شامل ہیں۔