شیخوپورہ(بیورورپورٹ)سنی تحریک کے ضلعی رہنما چوہدری خورشید عالم ورک نے کہا ہے کہ محبت رسولﷺ ہی وہ شمع ہے کہ جو آج بھی مردہ دلوں کو جلا بخشتی ہے ۔انسان وہ ہے کہ جو نبی آخرالزماںﷺ سے انس رکھتا ہو کیونکہ محبت کا مرکز ذات رسولﷺ ہی ہے۔محبت رسولﷺ ہی وہ جذبہ ہے کہ جس سے دلوں کو تسخیر کیا جاسکتا ہے اور محبت رسولﷺ ہی وہ احسن عمل ہے کہ جس سے دنیا و آخرت میں سرخروئی اور اللہ رب العزت کا قرب حاصل کیا جاسکتا ہے نبی پاکﷺ کی شان اور چرچے ہر نئے آنے والے دن آگے سے بڑھ کرہوتے ہیں اور کیوں نہ ہوں اللہ رب العزت کا فرمان عالیشان ہے کہ اے محبوبﷺ آپ کی ہر آنے والی گھڑی پہلے سے بہتر ہوگی ۔اپنے ایک بیان میں چوہدری خورشید عالم ورک نے کہا کہ محبت رسولﷺ ہمارے ایمان کی اساس اور دین کی اصل روح ہے ۔آپﷺ کی محبت آج بھی ویران دلوں کو نیا جوش و جذبہ عطاء کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طر ح بزرگان دین نے محبت و لگن کے ساتھ شجر اسلام کی آبیاری کی اس کی کہیں مثال نہیں ملتی اور دین کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلہ میں اولیاء امت نے کسی بندوق یاتلوار کا سہارا نہیں لیا بلکہ دامن مصطفیﷺ سے وابستہ ہو کر ان بندگان خدا نے لاکھوں لوگوں کے دلوں میں محبت رسولﷺ کی شمع کو روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور اس سلسلہ میں بزرگان دین کے عروس نہایت کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔