خضدار میں لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، دھماکا خیز مواد خضدار سے کراچی منتقل کیا جارہا تھا۔
خضدار کے ڈپٹی کمشنرسہیل الرحمان بلوچ کے مطابق لیویز فورس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے وڈھ کے مقام پر کراچی جانے والے ایک مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مشکوک ٹرک سے سیفٹی فیوز کے 84جبکہ ڈیٹونیٹنگ کارڈ کے 110 رول برآمد کیے گئے۔ سہیل الرحمان بلوچ کا مزید کہنا ہے کہ برآمد کیے گئے دھماکا خیز مواد کو دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لیے کراچی منتقل کیا جارہا تھا۔ لیویز نے مشکوک ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔