سعد رفیق نے آج پھر مخالفین پر تابڑتوڑ حملے کیے،ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نواز شریف فوبیا ہے ، شیخ رشید کو ن لیگ سے ہڈی نہیں ملی ، سراج الحق بھی خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کا جواب نہیں دیتے ، تینوں کیس میں سنجیدہ نہیں اورعوامی مقدمہ بنانا چاہتےہیں ۔
وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق واقعی سنجیدہ ہوتے تومقدمے پر فوکس کرتے، لیکن شیخ رشید صاحب اور عمران خان کیس کے متعلق سنجیدہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی بدلہ لینے کے لیے پاکستان کی معیشت کو داؤ پر لگا رہے ہیں،عمران خان سے پوچھا جائے کہ وہ کس کے لیے کام کر رہے ہیں،وہ یہاں پر میڈیا کے سامنے آنے کے لیے آتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اداروں کو دباؤ میں لانے کی سازش کرتے ہیں ،کیا ترقی دھرنے دے کر آتی ہے۔ سی پیک پر عمران خان نے گمراہ کیا، پراپیگنڈا کیا،لیکن عمران خان کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔یہ بلین ٹریز پر بات نہیں کرتے، ڈی آئی خان جیل ٹوٹنے پر بات نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں سے استعفے مانگتے ہیں، انہوںنے کے پی میں احتساب کمیشن نہیں چلنے دیا۔