خیبر ایجنسی (یس ڈیسک) وفاق کے زیرِانتظام خیبر ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ کہ منگل کو وادیٔ تیراہ کے علاقے آکاخیل میں سیکورٹی فورسز اورمبینہ دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
جھڑپ کے نتیجےمیں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے جھڑپ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
نمائندے کے مطابق انتہائی دورافتادہ مقام ہونے اورعلاقے تک میڈیا کو رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تصدیق مشکل ہے، تاہم مقامی اور انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق آج ہونے والی جھڑپ میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
خیبر ایجنسی وفاق کے زیر انتظام سات ایجنسیوں میں سے ایک ہے، یہ ایجنسیاں پاک۔ افغان سرحد پر واقع ہیں جن کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا۔ یاد رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔ رواں برس اکتوبر، خیبر ایجنسی میں بھی عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن خیبر- ون کا آغاز کیا گیا۔