counter easy hit

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کیلئے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

Army

Army

اسلام آباد (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ایف سی کی ایک بٹالین اور 45 ہزار پولیس اہلکار درکار ہونگے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے جلد وزارت داخلہ سے رابطہ کرے گا۔ وفارت دفاع سمیت تمام اداروں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ 32 ہزار 759 ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں 11 ہزار 117 پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائینگے۔ انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنز کیلئے کی پی کے حکومت جائزہ لے رہی ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ایک لاکھ 3 ہزار 522 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں سے 93 ہزار 231 امیدواروں کے کاغذات کو منظور کیا گیا۔ کے پی کے میں 3339 یونین کونسلز ہیں جن میں 39 ہزار 806 نشستوں کیلئے انتخابات ہونگے۔

تحصیل اور ڈسٹرکٹ کی سطح کی 2 کروڑ 60 لاکھ بیلٹ پیپرز جبکہ نیبرہوڈ کونسل کی سطح کیلئے 4 کروڑ 62 لاکھ 58 ہزار 100 بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرائی جائیگی۔ کل 7 کروڑ 22 لاکھ 98 ہزار بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرائی جا رہی ہے۔