پشاور (یس ڈیسک) وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات مئی میں ہوں گے۔ پی ٹی آئی کی حکومت مقامی حکومتوں کا شفاف نظام لانا چاہتے ہیں۔وزیراعلی پرویز خٹک سی ایم ہاوس میں کوہستان کے وفد سے بات چیت کررہے تھے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ہر ضلع کو تیس سے چالیس کروڑ روپے اضافی فنڈز ملیں گے۔ بلدیاتی ادارے مقامی سطح پر اپنے معاملات میں بااختیار ہوں گے۔
وزیراعلی پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت مئی میں بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ہی ایسا بلدیاتی نظام نافذ کررہی ہے جس سے تمام تر انتظامی اور مالی اختیارات مقامی لوگوں کو منتقل ہوں گے۔ اس کی بدولت عوام اپنے معاملات میں مقامی سطح پر مکمل طورپر بااختیار ہو جائیں گے۔
وہ اپنے بیشتر مسئلے خود ہی حل کرسکیں گے، انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی شفاف پالیسی کی بدولت دورافتادہ اور پسماندہ اضلاع کی پسماندگی ترجیحی بنیادوں دور ہوں گی۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کے منصفانہ اور شفاف استعمال کو یقینی بنائیں گے کسی کے ساتھ سیاسی بنیادوں پر امتیاز نہیں برتا جائے گا۔