ڈیرہ اسماعیل خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے غنڈوں کا تحفظ کرکے بدترین مثال قائم کی۔
پولیس نے اے این پی رہنماء میاں افتخار حسین کو جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر لیا لیکن پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر کو لوگوں نے چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ کے پولیس کے حوالے کیا تو پولیس نے اسے پروٹوکول کے ساتھ گھر پہنچا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے انتخابی دھاندلی میں پی ٹی آئی کے غنڈوں کی مدد کرکے ریاستی اداروں کی ساکھ کو تباہ کر دیا ہے۔ یہ دھاندلی نہیں بلکہ انتخابی ڈاکا تھا جس نے تحریک انصاف کے انصاف کو شرمندہ کر دیا۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے مخالف ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا۔ اس الیکشن میں ہمارے کارکنان نے شہادتیں دی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہماری جماعت الیکشن میں دھاندلی کے خلاف صوبہ بھر میں مظاہرے کرے گی۔