خیبر پختونخوا حکومت نے دہری شہریت کے حامل سرکاری افسروں کی تفصیلات اکٹھا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا نے تمام محکموں کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 11 فروری تک دہری شہریت کے حامل افسران کی تفصیلات جمع کی جائیں۔ خلاف ورزی کے مرتکب محکموں کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ سپریم کورٹ کےاحکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔