وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گردوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کڈنی اینڈ لیورسینٹر کا دورہ کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکا سے صحت کے ماہرین کی تلاش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہیپاٹائٹس سینٹر قائم کیے جائیں گے،جنوبی پنجاب کی 27تحصیلوں میں اگلے سال صاف پانی کی فراہمی آغاز ہوجائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو دو نوٹس بھجوائے ہیں جن کا انہوں نے جواب نہیں دیا۔
اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں توانائی سمیت متعدد منصوبے مجرمانہ غفلت اور کرپشن کی بھینٹ چڑھائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ شہباز شریف نےکہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا 4سالہ دور عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے، وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔
ان کاکہناتھاکہ ان کی سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے، شفافیت، معیار اور رفتار کے نئے عالمی ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں، کئی منصوبےایسےبھی ہیں ،جو مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں۔