گجرات: بالی ووڈ اداکارشا ہ رخ خان کل ریلیز ہونے والی فلم “رئیس” کی پروموشن کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے ہیں اورہرطرح سے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں لیکن آج فلم کی تشہیر کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکارراہول ڈھولکیا کی فلم “رئیس” میں شاہ رخ خان کے ہمراہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان مرکزی کردارادا کر رہی ہیں جس کے باعث فلم کوشروع سے ہی ہندو انتہا پسند تنظیموں نے ناکام بنانے کی کوشش کی تاہم ہدایتکار اورشا ہ رخ خان کی متعدد ہندو انتہا تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات نے فلم کی ریلیزکو کچھ آسان بنادیا تھا لیکن اب ایک اوربڑی مشکل کھڑی ہوگئی ہے۔
فلم کی تشہیرکے لیے جیسے ہی کنگ خان ٹرین سے باہرنکلے توان کی ایک جھلک دیکھنے کےلیے مداحوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی اوراس دوران بکھڈرمچ گئی جس کے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بھگڈرمچنے سے ایک شخص بے ہوش بھی ہوگیا جسے فوری طورپراسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دم گھنٹے کے باعث مذکورہ شخص دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والا شخص مقامی سماجی کارکن ہے جس کا نام فرید خان پٹھان ہے جو اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ شاہ رخ خان کی ایک جھلک دیکھنے اسٹیشن آیا تھا۔
اس سے قبل اسٹیشن پرصورتحال قابوسے باہر ہونے پرپولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا جس سے بھگدڑمچ گئی اوراس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کنگ خان نے مداح کی موت پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ خدا کی مرضی کے آگے کوئی کچھ نہیں کرسکتا ہے لیکن مداح کی موت کا بہت افسوس ہے جب کہ ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔