پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت قبول کرتے ہوئے دورہ امریکہ کی ہامی بھر لی۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے شمالی کورین ہم منصب کو واشنگٹن کے دورے کی دعوت دی تھی جسے کم جونگ اُن نے قبول کرلیا ہے تاہم ابھی اس ملاقات کے حوالے سے وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ شمالی کوریا اور امریکی حکام واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے لیے جلد مشترکہ اجلاس کا انعقاد کریں گے۔ دوسری جانب سنگاپور میں طے کیے گئے روٹ میپ پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے امریکی صدر کی جانب سے وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی سربراہی میں ایک کمیٹی پیانگ پانگ کا دورہ کرے گی۔ امریکی جائزہ کمیٹی شمالی کوریا کے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مشترکہ اعلامیہ کے نکات پر عمل درآمد کی رپورٹ کا جائزہ لے گی اور درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے شمالی کوریا اور امریکی سربراہان کے درمیان تاریخی ملاقات 12 جون کو سنگاپور میں ہوئی تھی جس میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے اور ایک خوشگوار دو طرفہ تعلقات کی بحالی سمیت چار نکات پر اتفاق کیا گیا تھا۔ امریکی صدر نے اس ملاقات کو ’تاریخی موقع‘ قرار دیا تھا جب کے شمالی کوریا کے سربراہ نے اس ملاقات کو مثبت اور خوش آئند کہا تھا۔