لندن انگلینڈ کے ہاتھوں تاریخ میں پہلی بار پانچ میچوں کی سیریزمیں کلین سوئپ کی خفت سے دوچار ہونے والی آسٹریلوی ٹیم کے نئے کپتان ٹم پین نے کرکٹ آسٹریلیا کیلئے نئی مشکل کھڑی کردی ہے جنہوں نے اگلے چند دنوں میں ون ڈے کیریئر اور کپتانی چھوڑنے کے متعلق اہم فیصلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈوارنر پر ایک ایک سالہ پابندی عائد ہوجانے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے ٹم پین کو ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا لیکن اب لگتا ہے کہ آسٹریلیا کو نئے ون ڈے کپتان کی تلاش کیلئے سرگرداں ہونا پڑے گا کیونکہ انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ٹم پین وائٹ بال کے اپنے کیریئر اور مستقبل کے بارے میں اہم فیصلہ کرنے پر سوچ و بچار کررہے ہیں۔
گزشتہ اتوارکوجوزبٹلر کی شاندار سنچری کی بدولت ایک وکٹ سے فتح حاصل کرنے والی انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ،صفر کا کلین سوئپ مکمل کیاتھا۔اس بدترین شکست کے بعد آسٹریلوی کپتان ٹم پین بطور ون ڈ ے کپتان اپنے مستقبل کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا شکار ہوگئے ہیں البتہ وہ ٹیسٹ ٹیم کی بدستور قیادت کرنا چاہتے ہیں۔
کلین سوئپ سے دوچار ہوجانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے 33سالہ ٹم پین کا کہناتھا کہ ون ڈے ٹیم کی قیادت اور کیریئر کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا البتہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اور طویل فارمیٹ کا کیریئرجاری رکھنا چاہتا ہوں۔ اب میں جاکر آرام کے دنوں میں اپنے بارے میں کوئی فیصلہ کرلوں گا۔