اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی قونصلر رسائی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں. نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالیا کی کلبھوشن یادیو سے بات چیت ہوئی، بھارتی ناظم الامورکے سامنے کلبھوشن اپنے بیانات پرڈٹ گیا، کلبھوشن یادیو نے واضح بتادیا کہ وہ بھارتی جاسوس ہے.ذرائع کے مطابق کلبھوشن نے واضح بتایا کہ وہ بھارتی بحریہ کا حاضرسروس کمانڈر ہے اور پاکستان میں را کیلئے کام کرتا رہا ہے‘گوروآہلووالیا نے کلبھوشن سے اصرار کیا کہ بھارتی سرکارمکمل طور پر آپ کے پیچھے کھڑی ہے، ہم نے عالمی عدالت انصاف سے آپ کا کیس جیتا.ابتدائی طور پر ملاقات کا دورانیہ 30 منٹ طے ہوا تھا، تاہم پاکستانی حکام نے 2 گھنٹے تک بات چیت کی اجازت دی، کلبھوشن کی بات چیت مکمل ہونے پرقونصلررسائی ختم ہوئی.ذرائع کے مطابق پاکستان نے تمام زبانوں میں بات چیت کرنے کی اجازت دے رکھی تھی، گوروآہلووالیا نے مراٹھی زبان میں مہارت نہ ہونے پر قابل فہم زبان میں بات کی. دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ملاقات کی تفصیلی رپورٹ کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا. ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ہمیں تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے تاہم یہ واضح ہے کہ پاکستان کے کمزور دعوﺅں کو تقویت بخشنے کے لیے کلبھوشن یادیو جھوٹا بیانیہ دہرانے کے لیے سخت دباﺅ میں نظر آئے.انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ناظم الامور سے تفصیلی رپورٹ وصول ہونے کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے اور عالمی عدالت انصاف کی ہدایات پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی جائزہ لیں گے. بھارتی ترجمان نے کہا کہ آج کی ملاقات جھوٹے عمل کے ذریعے کلبھوشن یادیو کو دی گئی سزا اور فیصلے کا جائزہ لینے اور نظرثانی کو یقینی بنانے کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد سے جڑے پاکستان کے وعدے کا حصہ تھی.